نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان میں پر امن اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ اسلام آباد میں نگران وفاقی وزیر مرتضی سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کو انتخابات کی ذمہ داری ملی ہے، کوشش ہے الیکشن کے عمل میں کسی صورت جانوں کا نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے اندر الیکشن کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، جو پارٹیز سندھ میں الیکشن لڑ رہی ہیں وہ کافی سالوں سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں، سکیورٹی ادارے اور ایڈمنسٹریشن موجود ہے، کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بھی ساری رپورٹ اپنے الیکشن سیل میں لی، ہمیں ان فورسز سے خطرہ ہے جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی کیلئے ہماری پولیس اس کے پیچھے آرمڈ فورسز ہیں، ہمارے آرمی کے ٹرینڈ کمانڈوز بلوچستان میں موجود ہوں گے۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمیں باجوڑ واقعے پر بھی بہت تکلیف ہوئی، ہمیں ڈرانے کیلئے ساری نقل و حرکت کی جا رہی تھی، پاکستان کا نام اور عزت ہمارے اور میڈیا کے ہاتھ میں ہے، 25 کروڑ عوام کی امانت میڈیا کے پاس ہے، نیت صاف ہو تو اللہ سرخرو کرتا ہے، نگران حکومت نے جو کام کیا وہ آپ کے سامنے ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی