عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی)کے مرکزی نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بتا دے کہ کس ایجنڈے کے تحت ہم سے اتحاد کرے گی، 9مئی والے ایجنڈے کی حمایت نہیں کر سکتے،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ جمہوریت کی بات ہو تو پی ٹی آئی سے اتحاد پر اے این پی مشورہ کر سکتی ہے، 13جنوری تک انتخابات میں سیاسی جماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور مرکز میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حکومت نہیں بنے گی، کے پی اور وفاق میں مخلوط حکومتیں بنیں گی،امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کامیاب بنانے کے لیے بہت سارے لوگوں کو ناکام بنایا گیا تھا، 2013 اور 2018 انتخابات میں ہمیں تو کوئی فیلڈ فراہم ہی نہیں کی گئی تھی،اے این پی کے رہنما نے کہا کہ 2013 اور 2018 انتخابات میں ساری مہربانیاں پی ٹی آئی پر تھیں، مجرم اور سزا یافتہ لوگوں کو الیکشن کی اجازت نہیں ملنی چا ہیے، ان کا مزید کہنا تھاکہ جتنی غیر یقینی کی صورت حال اس انتخابات سے پہلے بنی، اس سے قبل کبھی نہیں تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی