i پاکستان

اے این ایف کا صنعتی کیمیکلز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف آپریشن، 10ملزمان گرفتارتازترین

December 21, 2023

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے صنعتی کیمیکلز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف 8کارروائیوں میں 10ملزمان کو گرفتار کر کے 394ٹن کیمیکل برآمد کر لئے ہیں،اے این ایف کے ترجمان کے مطابق مذکورہ مہم کا آغاز منشیات اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں کیا گیا ہے، قومی و عسکری قیادت کی سربراہی میں پاکستان کے معاشی اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے انسداد سمگلنگ کی جامع مہم جاری ہے،ترجمان نے کہا کہ کنٹرولڈ کیمیکل کا صنعتی استعمال ملکی پیداوار، ٹیکس آمدنی اور قومی خزانے میں اضافہ کرتا ہے، تاہم صنعت میں استعمال ہونے والے کیمیائی مواد کا غیر قانونی استعمال ایک مستقل خطرہ ہے،ترجمان نے کہا کہ اے این ایف نے کنٹرولڈ کیمیکلز استعمال کرنے والی کمپنیوں کی 2سے 3ماہ تک نگرانی کی، کمپنیوں کا لائسنس کی آڑ میں کیمیکلز کی درآمد کے غلط استعمال کی نشاندہی ہوئی،اے این ایف نے کیمیکلز کی چوری میں ملوث کمپنیوں کے خلاف 8کارروائیاں کیں، کارروائیوں میں 394ٹن کنٹرولڈ کیمیکلز قبضے میں لے لیا،ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کی جانب سے این او سی کوٹیکا غلط استعمال قومی وسائل کے ضیاع کا سبب ہے، جرائم پیشہ عناصر کے مقابلے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے کوششوں کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی