اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 39 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 362.182 کلو گرام منشیات برآمد کرکے 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے سامان سے 680 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 500 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ ملتان میں کوریئر آفس میں تھائی لینڈ سے لیہ آنے والے پارسل سے 7.002 کلو ویڈ برآمد ہوئی۔ لاہور میں بی آر بی کینال کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 2 کلو آئس برآمد کی گئی۔
ڈی جی خان روڈ، لورالائی کے غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 148 کلو مارفین اور 204 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والی پرواز کے ایک مسافر سے 998 گرام بران ہیروئن برآمد کر لی۔ترجمان کے مطابق مشین سرچ کے دوران مسافر محسن ذوالفقار کے ٹرالی بیگ کو مشکوک قرار دیا گیا۔ دستی تلاشی کے دوران اسٹاف نے ٹرالی بیگ کے نچلے حصے، اطراف اور راڈز میں مہارت سے چھپائی گئی 998 گرام بران ہیروئن برآمد کی گئی۔اے ایس ایف کے تربیت یافتہ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا تاکہ مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی