i پاکستان

اے این ایف کی ملک بھر میں 6 مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان گرفتار ، 60.229 کلوگرام منشیات ضبطتازترین

May 30, 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق 6 مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 60.229 کلوگرام منشیات ضبط کی گئیں جن کی مالیت 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔منشیات کے خلاف یہ کریک ڈائون خصوصی طور پر تعلیمی اداروں کے اطراف اور حساس مقامات پر کیا گیا۔کوئٹہ کے علاقے بلیلی روڈ پر واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک مشتبہ ملزم کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تعلیمی ادارے کے طلبا کو منشیات فروخت کرتا تھا ۔اے این ایف کی دیگر کارروائیاں بھی انتہائی موثر رہیں۔

لاہور میں کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ، شیخوپورہ کے قریب ایک گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ حیدرآباد میں گیڈو چوک کے قریب ایک مسافر بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جب کہ اسی شہر میں ایک اور کارروائی میں بھی اتنی ہی مقدار میں چرس برآمد کی گئی۔علاوہ ازیں لاہور کے ایک کارگو آفس میں کراچی بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 17 گرام کوکین اور 12 گرام وزنی 20 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ادھر بلوچستان کے علاقے سونمیانی، ضلع حب میں جھاڑیوں کے درمیان اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 27 کلوگرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، خصوصا تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی