i پاکستان

اے این ایف کی ملک بھر میں 6کارروائیوں میں خاتون سمیت 4ملزمان گرفتار ،4 کروڑ 10 لاکھ مالیت کی 232 کلوگرام سے زائد منشیات برآمدتازترین

June 03, 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈائون کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مجموعی طور پر 232.478 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 4 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اہلکاروں نے ریاض جانے والے ایک مسافر کو مشکوک جان کر روکا، جس کے بعد اس کے پیٹ سے 55 گرام وزنی کوکین سے بھرا کیپسول برآمد کیا گیا۔ یہ طریقہ اسمگلروں کی جانب سے منشیات بیرون ملک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اے این ایف کی مستعدی نے کوشش ناکام بنا دی۔اسی طرح سیالکوٹ میں واقع ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 24 کلوگرام چرس اور 1200 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق پارسل کو بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس میں سوار خاتون کو روک کر چیک کیا گیا، جس کے قبضے سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح اسلام آباد ہی کی ایک نجی ہاسنگ سوسائٹی کے فیز 4 کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 184 گرام وزنی 35 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ادھر فیصل آباد کے شوگر موڑ کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران اے این ایف نے ایک کلوگرام چرس ایک ملزم سے برآمد کی، جب کہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے غیر آباد علاقے توزگئی میں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زمین میں چھپائی گئی 200 کلوگرام افیون برآمد کی گئی، جو دیگر شہروں کو اسمگل کی جانی تھی۔تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے ادارہ اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گا اور ملک بھر میں نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی