اے این ایف نے ملک بھر میں6 انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میںملزمان کو گرفتار کرلیا اور 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان کے مطابق اے این ایف کی جانب سے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، اس دوران مختلف آپریشنز میں 4 ملزمان کو گرفتار کرکے 20 کروڑ ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 199.372 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔اسلام آباد نجی ہائوسنگ سوسائٹی فیز4 سے گاڑی سے 254 گرام وزنی 490 ایکسٹسی گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جس نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاہور سے ریاض جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے سامان سے 2.218 کلو افیون برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔اسی طرح راولپنڈی چکلالہ گیریژن میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 70 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ سبزی منڈی انٹرچینج ایکسپریس وے کے قریب گاڑی سے 13.2 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ادھر کوئٹہ کچلاک-یارو بائی پاس روڈ کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 100 کلو ہیروئن اور 80 کلو مارفین برآمد کرلی گئی۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی