i پاکستان

آئینی ترمیمی بل پر ن لیگ ہمارے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے ،صدارتی ووٹ دینے سے متعلق وقت آنے پر بات کریں گے، فاروق ستارتازترین

February 29, 2024

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت اور ریاست سے دنیا کے تعلقات میں رخنہ ڈالنا غیر آئینی بھی ہے' گھر کے جھگڑے بارے عالمی ادارے کو آگاہ کرنا نامناسب ہے' مضبوط اضلاع ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ثابت ہونگے' آئینی ترمیمی بل پر ن لیگ ہمارے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے'صدارتی ووٹ دینے سے متعلق وقت آنے پر بات کریں گے۔جمعرات کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مشکل حالات ہیں، ڈیلیور کرنا ہوگا، لوگوں کی مشکل آسان کرنا ہو گی، مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بحران بڑے چیلنجز ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاروق ستار نے کہا ہے کہ نامناسب بات ہے کہ گھر میں جھگڑا ہے تو عالمی ادارے کو آگاہ کریں۔ ایم کیو ایم کو وزارتوں کے حوالے سے سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کا بنیادی نکتہ آئینی ترمیمی بل ہے، مقامی حکومتوں اور ضلعی سطح پر اختیار ہونے چاہئیں، مضبوط مرکز مضبوط پاکستان کی ضمانت ثابت نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط اضلاع ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا آئینی ترمیمی بل پر ن لیگ ہمارے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے، یہ بل پاس کرا کے اس ملک کا بڑا مسئلہ حل کریں گے۔ ایک سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ صدارتی ووٹ دینے سے متعلق وقت آنے پر بات کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی