i پاکستان

آڈیو لیک کیس،بشری بی بی نے ایف آئی اے تحقیقات کیخلاف متفرق درخواست دائر کردیتازترین

September 21, 2023

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ایف آئی اے تحقیقات کے خلاف متفرق درخواست دائر کر دی۔ بشری بی بی نے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ اس عدالت میں مرکزی کیس پہلے سے زیر سماعت ہے اور عدالت نے 18 ستمبر کو ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس اب 30 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، کیس زیر التوا ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے 19 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ بشری بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ ایف آئی اے اگر کارروائی جاری رکھتی ہے تو اس سے پٹیشنر کے حقوق متاثر ہوں گے لہذا جب تک کیس زیر التوا ہے عدالت ایف آئی اے کا نوٹس معطل کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی