i پاکستان

آڈیو لیکس کیس،عدالتی حکم کے باوجود سینئر افسران پیش نہ ہوئے، عدالت برہمتازترین

February 19, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے آڈیو لیکس کیس میں عدالتی حکم کے باوجود سینئر افسران کے پیش نہ ہو نے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو افسران بیمار ہیں وہ آئندہ سماعت پر اپنی میڈیکل رپورٹس پیش کریں۔ پیر کو سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے بیٹے اور بشری بی بی کی درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔ چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین پیمرا، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ کیوں نہ ان افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، ان افسران نے خود سے کیسے طے کر لیا کہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے بیمار ہیں، پیش نہیں ہو سکے، ڈی جی آئی بی کی جگہ ڈپٹی ڈی جی پیش ہوئے ہیں۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ جو افسران بیمار ہیں وہ آئندہ سماعت پر اپنی میڈیکل رپورٹس پیش کریں۔ ایف آئی اے کی جانب سے ڈائریکٹر وقار الدین سید عدالت میں پیش ہوئے بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی