امریکا نے جارحیت اور اشتعال انگیزی پر اترے بھارت کو ایک بار پھر لگام دے دی۔بھارت کے سیکرٹری خارجہ شری وکرم مصری نے امریکا کے نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لنڈاو سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے۔ذرائع ابلاغ کی ر پورٹس کے مطابق امریکا نے دو ٹوک انداز میں بھارت پر واضح کیا ہے کہ علاقائی استحکام اور امن برقرار رکھا جائے۔ بھارت کے سیکرٹری خارجہ شری وکرم مصری 27 مئی سے 3روزہ دورے پر امریکا میں ہیں۔ گزشتہ شام ان کی نائب امریکی وزیر خارجہ سے واشنگٹن میں ملاقات ہوئی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ اس ملاقات میں کرسٹوفرلنڈاو نے امریکا بھارت قریبی شراکت داری جاری رکھنیک اعزم کیا ہے ۔ تاہم رپورٹ کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ ساتھ ہی امریکا نے بھارت سے اس خواہش کا اظہار بھی کیا ہے کہ علاقائی امن اور استحکام برقرار رکھا جائے۔
یعنی بھارت پر واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے گریز کرے۔ دوسری جانب امریکا کے نائب وزیرخارجہ نے بھارت سے مارکیٹ رسائی کا عمل شفاف بنانے کا مطالبہ بھی دہرایا ہے اور ساتھ ہی مائیگریشن اور اینٹی نارکوٹکس تعاون بڑھانے پر زور دیا۔فروری میں جب صدر ٹرمپ کی بھارتی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تھی اس وقت بھی نریندر مودی کو ماننا پڑا تھا کہ وہ امریکا سے ڈی پورٹ کیے جانے والے غیرقانونی بھارتی مائیگرینٹس کو واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔بھارت کے سیکرٹری خارجہ اور امریکا کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں پاکستان کا نام تک نہیں ہے جو امن کا پرچار کرنے والے پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی قرار دی جارہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی