آزاد کشمیرقانو ن سازاسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع اور 12 مہاجر نشستوں پر پولنگ آج(2 اگست )کو ہوگی،سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی تقسیمسمیت تما م تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 2026 کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور ضلع جہلم ویلی کے 9 حلقوں میں پولنگ آج (اتوار) کو ہوگی۔مظفرآباد ڈویژن کے3 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 اور خواتین ووٹرز کی تعداد3 لاکھ 81 ہزار 6 سو 66 ہے۔مظفرآباد ڈویژن بھر میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں مہاجرین کی 12نشستوں کے لیے پولنگ بھی 2 اگست کو ہوگی۔ جموں اور ویلی کی 6،6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جموں کی 6 نشستیں ایل اے 34جموں 1 سے ایل اے 39جموں 6 تک جبکہ ویلی کی6 نشستیں ایل اے 40 ویلی 1سے ایل اے 45ویلی 6 تک مشتمل ہیں۔راولپنڈی میں سکستھ روڈ پر واقع گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں قائم ڈسٹری بیوشن پوائنٹ سے پولنگ عملے نے بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز اور دیگر حساس انتخابی مواد وصول کیا۔ذرائع کے مطابق انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز اور سرکاری ریکارڈ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے بعد عملہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو ا۔ پولنگ سامان کی ترسیل پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن عملے پولنگ انتظامات کو حتمی شکل دی جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لئے گئے اور عملہ تعیناتی کیلئے تیار ہے۔حکام کے مطابق کل صبح مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز ہوگا جبکہ سامان کی تقسیم کے بعد پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔ آزاد کشمیر مہاجرین نشستوں کیلئے راولپنڈی میں جموں 6 وادی 4 اور وادی 5 کے حلقوں پر پولنگ ہوگی۔وادی 4 کا حلقہ راولپنڈی شہر تک محدود ہے، وادی 5 کا حلقہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقوں پر مشتمل ہے، جموں 6 کا حلقہ راولپنڈی ڈویثزن اسلام آباد تک پھیلا ہوا ہے۔دریں اثنا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔پولنگ سٹیشنز کے باہر پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکارتعینات کردئیے گئے ہیں ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کی ہدایت یا ڈکٹیشن پر کام نہیں کرتا ، الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختار ادارہ ہے ، ہارنے والے اکثر دھاندلی کا الزام لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں عوام ووٹ پول کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں ، عوام روٹھ کر بیٹھ جائیں گے تو پھر مسئلہ جلسے جلوس اور احتجاج سے حل نہیں ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا مشکل ترین انتخاب ہے ، اگر حالات ایسے ہی رہتے ہیں تو راولا کوٹ کے انتخابات آگے پیچھے ہوسکتے ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی