i پاکستان

آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، راولاکوٹ بدستور متاثرتازترین

August 25, 2026

مظفرآباد اور میرپور ڈویژنز میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، جبکہ راولاکوٹ کے طلبا کی تعلیم بدستور متاثر ہے۔ان علاقوں میں طلبہ و طالبات نے اپنی پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ سے جاری رکھا ہوا ہے جسے وہ نہایت خوش آئند قرار دے رہے ہیں، جبکہ راولاکوٹ میں احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں، جس کے باعث طلبا کو تعلیمی نقصان کا سامنا ہے اور ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پرمظفرآباد اور میرپور کے طلبا کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے سے ہماری پڑھائی کا سلسلہ بحال ہو گیا ہے، جس سے ہمیں اپنے تعلیمی اہداف پر توجہ دینے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہنا ہمارے مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے

اس لیے تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ تعلیمی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہیں تاکہ ہمارا قیمتی وقت ضائع نہ ہو اور ہم اپنی تعلیم مکمل کرکے مستقبل کے اہداف حاصل کر سکیں۔راولاکوٹ کے طلبہ و طالبات نے کہا کہ احتجاج کے باعث ہمارے تعلیمی ادارے بند ہیں، جس سے ہماری پڑھائی کا شدید نقصان ہو رہا ہے اور ہمارا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے، تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے ہمارا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے، جس کا اثر ہمارے مستقبل اور کیریئر پر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ احتجاج اور دھرنے کو ختم کرکے تعلیمی ادارے کھولے جائیں تاکہ ہم اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور اپنے مستقبل کے اہداف حاصل کرسکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی