i پاکستان

آزاد کشمیر،بجلی بلوں میں اضافے، مہنگائی کیخلاف ہڑتال جاری، کاروباری مراکز بندتازترین

May 13, 2024

عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں بجلی بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ پیر کو آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر لانگ مارچ، پہیہ جام اور ہڑتال کا چوتھا روز تھا جس کے سبب متعدد شہروں میں انٹرنیٹ ، موبائل فون سروس اور تعلیمی سرگرمیاں معطل جبکہ کاروباری مراکز اور پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہی ۔ پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے سرکاری ملازمین، دیہاڑی دار مزدوروں کو مشکلات کا سامنا ۔ آزاد جموں و کشمیر کے مختلف شہروں سے قافلے راولاکوٹ پہنچ گئے، عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، لانگ مارچ کے شرکا نے جگہ جگہ کھڑی رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔ دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے۔ سینئر رہنما جوائنٹ ایکشن کمیٹی سردار عمر نذیر کشمیری نے مارچ کو آگے بڑھانے کا اعلان کر دیا، سردار عمر نذیر کشمیری نے جاری مذاکرات کو حکومتی جھوٹ اور فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹے کی سبسڈی کے علاوہ کسی دوسرے مطالبے کو حکومت نے ماننے سے انکار کر دیا، تمام قافلے اب مظفرآباد کی طرف مارچ کریں۔علاوہ ازیں میرپور میں تصادم میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی