ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی آن لائن تشہیر اور غیرقانونی فروخت کے معاملے پر پی ٹی اے کو ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کرنے کی درخواست کردی۔ڈریپ نے ادویات فروخت کرنے والے متعدد آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی بھی کی۔میڈیارپورٹ کے مطابق ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے، سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر نسخے کے بغیر ادویات کی تشہیر پر تشویش ہے۔ ڈریپ کے مطابق جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض کی ادویات کی آن لائن فروخت غیرقانونی ہے، سوشل میڈیا اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف مائل کر رہے ہیں، بغیر اجازت ادویات کی تشہیر اور فروخت ڈرگ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔اس کے علاوہ بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ڈریپ کے مطابق غیرمعیاری ادویات سنگین مضر اثرات اور جان لیوا پیچیدگیاں پیدا کرسکتی ہیں۔ڈریپ نے اشتہارات کے لیے پیشگی منظوری لازمی قرار دے دی، اس کے علاوہ خلاف ورزی پر جرمانے، ادویات ضبطی اور قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی