محکمہ موسمیات نے آئندہ دس دنوں میں کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 12 اپریل کو کراچی میں گرم دن تھا، درجہ حرارت 39.5 ریکارڈ کیا گیا اور اس دوران شمال مشرق سے ہوائیں چل رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں آج (بد ھ سے )سے سمندری ہوائیں بحال ہیں، آئندہ آنے والے 8 سے 10 روز میں کراچی میں کوئی شدید گرمی کا امکان نہیں ہے، آئندہ24گھنٹوں میں کراچی کا واسطا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور درجہ حرارت 35 کے قریب ہی رہنے والا ہے۔ انجم نذیر کا کہنا تھاکہ 16 اپریل کو کراچی کے درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کمی ہوگی، آسمان پر بادل ہوں گے جس کے سبب گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، فی الوقت کراچی میں بادلوں کے برسنے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 16 اپریل سے ملک میں مغربی ہوائو ں کا سلسلہ داخل ہونے جارہا ہے، اس کا اثر پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ہوگا، اس سسٹم کا اثر 16 سے 18 اپریل کے دوران سندھ کے علاقے لاڑکانہ اور گردونواح میں تھوڑا ہوسکتا ہے، آندھی اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے، ہلکی بارش کا مکان ہے تاہم سندھ کے کسی علاقے میں اس سسٹم کا اثر نہیں پڑے گا۔انجم نذیر نے بتایا کہ 16 اپریل سے 18 اپریل کے دوران اسلام آباد، مری، گلیات اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہوسکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی