i پاکستان

افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ پاکستان اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، عاصم افتخارتازترین

June 16, 2026

اقوام متحدہ میںپاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ پاکستان کے خلاف سرحد پار حملوں میں ملوث ہیں اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشتگردی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشتگردی، انسانی حقوق اور بہتر حکمرانی افغانستان کے اہم چیلنجز اور ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ بعض طالبان عناصر کے دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ تعاون کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور القاعدہ افغانستان میں سرگرم ہیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ چین نے قرارداد پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں مثر کردار ادا کیا

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے یوناما کی حمایت جاری رکھے گا اور ایک ایسے پرامن افغانستان کا خواہاں ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن اور تعاون کے ساتھ رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ یوناما مہاجرین اور بے گھر افراد کی باعزت واپسی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کردار ادا کرے، جبکہ غیر قانونی اسلحہ کی تجارت اور اس کے پھیلا کی روک تھام میں بھی معاونت فراہم کرے۔پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ یوناما کی رپورٹنگ معروضی، متوازن اور شواہد پر مبنی ہونی چاہیے، جبکہ امدادی رقوم کے ممکنہ غلط استعمال سے متعلق حقائق پر مبنی جائزہ بھی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوناما کو افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے جائز سلامتی خدشات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے، عاصم افتخار نے یوناما کے سربراہ کی تقرری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے خالی اسامی جلد پر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی