i پاکستان

اگر عمران خان دہشتگرد ہے تو پھر ہم سب بھی دہشتگرد ہیں ، اسد قیصرتازترین

March 04, 2024

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان دہشتگرد ہیں تو پھر ہم سب بھی دہشتگرد ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اسمبلی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار محمود اچکزئی کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کرتا ہوں، سائفر کے معاملے پر سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن بنائے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سائفر کو بنیاد بنا کر بانی پی ٹی آئی کو سزائیں دی گئیں، پی ٹی آئی کا اس معاملے پر واضح موقف ہے کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے، پہلے سائفر کو جھوٹ کہا گیا پھر اس بنیاد بنا کر سزائیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف گن پوائنٹ پر سزائیں دلوائیں گئیں، عمران خان نے نہ کبھی کمپرومائز کیا ہے اور نہ وہ کبھی کریں گے، 19 گریڈ کا افسر ہمارے سفیر کو بلا کر ڈکٹیشن دیتا ہے، وہ سوالیہ نشان ہے، نواز لیگ اور شہباز شریف کہتے تھے کو کوئی سائفر نہیں ہے یہ جھوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کی ایک دن میں 14، 14 گھٹے عدالتی کارروائی چلتی ہے پھر جج سے اسلحہ کے زوز پر سزا دلوائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوئی سمھجوتہ نہیں کریں گے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، وہ ملک میں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرائی جائیں، یہ لوگ الیکشن میں فارم 47 کے ذریعے جیتے ہیں، ان کے بیوی بچے بھی انہیں ایم این اے نہیں سمجھتے۔ بعدازاں، اسد قیصر کی تقریر کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن( پی ٹی وی )نے پارلیمنٹ کی نشریات بند کردیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی