وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو آئی سی ای ایس سی او مراکو کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ میڈل آف آنر سے نوازا گیا۔اسلامی دنیا کی جامعات کے چھٹے وائس چانسلرز فورم میں وفاقی وزیر احسن اقبال کو ایوارڈ دیا گیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ پاکستان کے لیے ایک قومی اعزاز ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور اپنی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ عالمی اعزاز وزیراعظم کی علم پر مبنی پالیسیوں اور مسلسل سرپرستی کے بغیر ممکن نہ تھا، یہ پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف ایک اور قدم ہے، یہ اعزاز دو دہائیوں پر محیط عوامی خدمت، اعلی تعلیم، ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے بے مثال خدمات پر دیا گیا۔
آئی سی ای ایس سی او مراکو کے مطابق پروفیسر احسن اقبال کی قیادت میں 2013 سے 2025 کے دوران پاکستان میں اعلی تعلیم کے شعبے نے نمایاں ترقی کی، اس عرصے میں سرکاری جامعات کی تعداد 99 سے بڑھ کر 154 ہو گئی جو کہ 58 فیصد اضافہ ہے۔احسن اقبال نے بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر پسماندہ علاقوں میں نئی جامعات قائم کیں، خواتین اور اقلیتوں کو تعلیم تک رسائی دینے کی ان کی پالیسیوں نے سماجی ترقی اور عالمی مساواتی اہداف کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا۔آئی سی ای ایس سی او مراکو کے مطابق پروفیسر احسن اقبال نے 1998 میں 10,000 پی ایچ ڈی سکالرشپس کا انقلابی پروگرام متعارف کرایا، انہوں نے ویژن 2010، ویژن 2025 اور اڑان پاکستان جیسے ترقیاتی فریم ورک ترتیب دیئے۔واضح رہے کہ یہ ایوارڈ اس سے قبل انہیں 2024 میں کوالالمپور میں ایشیئن پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن ڈسٹیگوئشڈ ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی