ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے جعلی دستاویزات پر افغان باشندوں کے پاکستانی پاسپورٹ بنانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو نے شا ہراہ فیصل پر عوامی مرکز کے قریب واقع پاسپورٹ آفس پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد ایسے مشتبہ غیر ملکی افراد کی دستاویزات برآمد ہوئیں جن کے پاسپورٹ مبینہ طور پر جعلی کاغذات کی بنیاد پر بنائے جا رہے تھے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس حوالے سے مزید گہرائی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔چھاپے کے دوران موقع پر موجود 2 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر سرکاری ملازمین اور ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی