i پاکستان

ایف بی آرموجودہ ٹیکس گزاروں پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہ ڈالے اور بینک اکائونٹس ہولڈرز کا ڈیٹا استعمال کرکے ٹیکس نیٹ بڑھائے،گوہراعجازتازترین

June 20, 2025

سابق نگراں وفاقی وزیر تجارت و داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ایف بی آرموجودہ ٹیکس گزاروں پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہ ڈالے اور بینک اکائونٹس ہولڈرز کا ڈیٹا استعمال کرکے ٹیکس نیٹ بڑھائے۔سماجی رابطوں کے نیٹ ورک ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں گوہر اعجاز نے نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے ایف بی آرکو تجاویز پیش کردیں۔انہوں نے کہا ایف بی آر نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے اقدامات کرے اور تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف فراہم کیا جائے۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں ٹیکس فائلرز کی تعداد 59 لاکھ ہے، جب کہ 17 کروڑ 70 لاکھ بینک اکانٹس ہولڈرز موجود ہیں، بینک اکانٹس ہولڈرز کے پاس 32.7 ٹریلین کے ڈیپازٹس موجود ہیں۔سابق نگران وزیر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ٹیکسوں کا دائرہ کار بڑھائے ، نان فائلرز کے فنانشل پروفائلز کو دیکھا جا سکتا ہے، تمام بینکس اکائونٹس ہولڈرز کی تمام معلومات جانتے ہیں، ایف بی آر نان فائلرز کی بینکنگ ٹرانزیکشنز اور ڈیپازٹس کو دیکھ سکتا ہے۔سابق نگران وزیر تجارت نے کہا کہ ٹیکس فائلرز اور بینک اکائونٹس ہولڈرز کی تعداد میں بہت بڑا فرق ہے، ٹیکس فائلرز ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے ہیں، ٹیکس فائلرز رواں سال 12 سو ارب روپے کا ٹیکس ادا کر رہے ہیں، ایف بی آر نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی