i پاکستان

این اے 43ٹانک کے 6پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظتازترین

February 15, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43ٹانک کے 6پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے این اے 43ٹانک کے 6پولنگ سٹیشنز پردوبارہ پولنگ کے خلاف درخواست پر سماعت کی، داوڑ خان کنڈی کی جانب سے ان کے وکیل افنان کریم کنڈی جبکہ الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا عدالت میں پیش ہوئے۔داوڑ خان کنڈی کے وکیل نے کہا کہ نہ کوئی شکایت آئی، نہ نوٹس جاری ہوا، نہ کوئی ثبوت سامنے آیا ہے، خواہ مخواہ سکیورٹی کا بہانہ بنا کر کہا گیا کہ لوگ ووٹ پول کرنے نہیں آئے، کہتے ہیں وہاں اب 6پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی، میرا موکل مولانا فضل الرحمان کے بیٹے سے جیت چکا ہے۔ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کچھ پولنگ سٹیشنز پر پولنگ نہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ری پولنگ کا حکم دیا، حلقے میں کسی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ غلط بیانی کی جارہی ہے، پولنگ ہوئی ہے، عملہ موجود رہا، ہارنے والے امیدوار کی طرف سے بھی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی،دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی