ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت میں شدت آنے کے بعد او آئی سی وزرائے خارجہ کا 2روزہ اجلاس آج ( ہفتہ کو) ترکیہ کے شہر استنبول میں شروع ہوگا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کریں گے، متعدد وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائن پرملاقاتیں کرینگے، افتتاحی اجلاس سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان خطاب کریں گے۔ہفتہ کی سہ پہر ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں او آئی سی وزرائیخارجہ کا خصوصی سیشن ہوگا، سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان، او آئی سی سیکریٹری جنرل طحہ ابراہیم حسین ودیگر بھی خطاب کرینگے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اجلاس میں ایران پر حملوں سے متعلق پاکستانی موقف بیان کرینگے۔ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات ہوگی، اسحاق ڈار کی سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات طے ہے جبکہ وہ بنگلادیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔آزربائیجان، ترکیے، ملائشیا، مصر، کویت اور دیگر ملکوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں طے ہیں جبکہ او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس کل ( اتوار کو) ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی