نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس 2027 کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اجلاس کی میزبانی کیلئے جاری ترقیاتی، انفراسٹرکچر اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے ایس سی او ا جلاس کے سلسلے میں جاری ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اسحاق ڈار نے اجلاس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور ایس سی اواجلاس کیلئے اعلی ترین معیار کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لئیمکمل طور پر پرعزم ہے، اجلاس کی کامیاب اور منظم میزبانی کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ اور قریبی تعاون یقینی بنائیں تاکہ تمام منصوبے اور انتظامات بروقت مکمل ہوسکیں۔اجلاس میں اعلی حکام نے ایس سی او سمٹ 2027 کے انتظامات، ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر اور دیگر متعلقہ امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی