i پاکستان

ایشین گیمز 2023، 262 پاکستانی ایتھلیٹس اور آفیشلز پر مشتمل دستہ 26 سے زائد کھیلوں میں حصہ لے رہا ہےتازترین

September 25, 2023

چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے ایکس پلیٹ فارم( ٹویٹر )پر گرمجوشی سے استقبال کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہانگژو میں ایشین گیمز میں شرکت کرنے والا پاکستانی دستہ چینی تماشائیوں کی بڑی تالیوں کے درمیان اسٹیڈیم میں داخل ہوا، ہمارے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات۔ گوادر پرو کے مطابق 262 پاکستانی ایتھلیٹس اور آفیشلز پر مشتمل دستہ 26 سے زائد کھیلوں میں حصہ لے ر ہا جن میں 137 مرد اور 53 خواتین شامل ہیں۔ پاکستان سوئمنگ ٹیم 24 سے 29 ستمبر، ہاکی ٹیم 24 ستمبر سے 7 اکتوبر اور ٹینس ٹیم 24 سے 30 ستمبر تک شرکت کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق کھیلوں کے لیے ہانگژو میں پاکستانی اسپورٹس ایکسپرٹ شاہد افراز خان نے کہا کہ میزبان شہر نے اس بڑے ملٹی اسپورٹس مقابلے کے لیے شاندار انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشین گیمز کے دوران شائقین کو زبردست مقابلے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع مل رہا ہے جو یقینی طور پر ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ایک پل ہے۔ گوادر پرو کے مطابق عمران خان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستانی ایتھلیٹس ان کھیلوں میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ یہاں ان کا پرتپاک استقبال ان کی اعلی توقعات اور حمایت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کی شرکت کھیلوں سمیت پاکستان اور چین کے قریبی تعلقات کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی تیاریوں میں چینی حکومت کے تعاون کا سہرا اپنے سر باندھا اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ 19 ویں ایشین گیمز کا باضابطہ آغاز 23 ستمبر کو ہوا تھا۔ اگلے دو ہفتوں کے دوران ایشیا بھر سے 12,500 سے زائد ایتھلیٹس 40 کھیلوں کے 481 مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی