الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔ یاد رہے کہ فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن تھا جس میں توسیع کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت بڑھا دیا گیا ہے، عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف )، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی نے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نظرثانی شدہ الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست بھی 24 دسمبر تک دے سکتی ہیں۔ ای سی پی کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال اب 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی