اہلسنت کے جید عالم دین علامہ مفتی محمد الیاس رضوی اشرفی انتقال کر گئے۔ انکے انتقال پر مذہبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ محمدی گرائونڈ عثمان آباد رنچھوڑ لائن میں ادا کی گئی، جہاں علما کرام، مشائخ عظام، سماجی و مذہبی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کا منظر انتہائی رقت آمیز تھا، جہاں ہر آنکھ اشکبار نظر آئی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو دارالعلوم نضر العلوم میں سپردِ خاک کر دیا گیا، تدفین کے موقع پر بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے اپنے محبوب عالم دین کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ الوداع کہا۔مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی