i پاکستان

امید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا،بیرسٹر گوہرتازترین

February 27, 2024

رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا۔ پنجاب اور سندھ اسمبلی کا سیشن غیر قانونی طریقے سے ہوا، وفاقی اسمبلی کا سیشن بھی غیر قانونی ہوگا،اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنا فیصلہ 8فروری کو سنا دیا، الیکشن کمیشن بھی عوام کی امنگوں پر اپنا فیصلہ سنائے، الیکشن کمیشن نے آج تک ہمارے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر بار الیکشن کمیشن کے فیصلے کا احترام کیا، پی ٹی آئی کے 86امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا، خیبرپختونخوا میں 90ایم پی اے نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سندھ میں 9ایم پی اے جبکہ پنجاب میں ہمارے 107ایم پی ایز نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کا سیشن غیر قانونی طریقے سے ہوا، وفاقی اسمبلی کا سیشن بھی غیر قانونی ہوگا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کل ریزرو سیٹوں کا بہتر فیصلہ کرے، مخصوص نشستوں کے فیصلے تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو سکتا۔اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم امید ہے کرتے ہیں الیکشن کمیشن اس بار حقائق، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بنارسی ٹھگ اپنا حصہ لینے آئے تھے، یہ سمجھتے ہیں پاکستان میں ان کا حصہ وراثتی طور پر موجود ہے۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ انسان میں کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے، ایک مینڈیٹ چور کو پنجاب میں راتوں رات وزیراعلی منتخب کیا گیا، اب وفاق میں بھی یہی کوشش ہو رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی