i پاکستان

امریکا ایران مذاکرات آگے بڑھانے، خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،شہبازشریفتازترین

April 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا۔وزیراعظم نے بتایا ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔دریں اثنا وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریبا دو گھنٹے جاری رہی، اس دوران دونوں رہنمائوں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے حالیہ صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے مثالی صبر اور تحمل کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سعودی قیادت کی سعودی عرب سمیت تمام امن پسند لوگوں کے لیے مثال ہے۔اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ملاقات میں دونوں رہنمائو ں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی