i پاکستان

امریکا اور ایران جنگ بندی کا دنیا بھر میں خیر مقدم، پاکستانی کردار کی تعریفتازترین

April 08, 2026

امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے ممالک نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشرقِ وسطی میں مستقل امن کے قیام پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے کی مکمل پابندی کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔انہوں نے شہریوں کے تحفظ اور انسانی نقصان کو کم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اہم جنگ بندی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پاکستان کا خاموش، موثر سفارتکاری کا شکریہ۔جین میریٹ نے لکھا کہ پاکستان کا شکریہ کہ اس نے اس اہم جنگ بندی میں کردار ادا کیا۔اس کے علاوہ آسٹریلیا، ملائیشیا، جاپان، مصر، انڈونیشیا، عراق اور نیوزی لینڈ سمیت متعدد ممالک نے اس جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور زور دیا ہے کہ تمام فریقین کشیدگی میں کمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ جنگ بندی مذاکرات اور سفارتکاری کیلئے ایک اہم موقع ہے، جس سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی امید ظاہر کی کہ یہ اقدام خطے میں دیرپا استحکام کا باعث بنے گا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ مستقل امن کے لئے مزید کوششیں درکار ہیں۔ادھر انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین کو خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سفارت کاری کا احترام کرنا چاہیے۔وزارت خارجہ انڈونیشیا نے امن فوجیوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ سے تحقیقات کی اپیل بھی کی ہے۔ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے خطے میں دیرپا امن کے قیام پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایران کی 10 نکاتی تجویز کو عملی شکل دے کر ایک جامع امن معاہدے میں تبدیل کیا جائے اور ایسا معاہدہ کیا جائے جو ناصرف ایران بلکہ عراق، لبنان اور یمن کیلئے بھی استحکام کا باعث بنے۔ترجمان جاپانی حکومت منورو کہارا نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت پیشرفت ہے، حالات کو حقیقی معنوں میں امن کی جانب جانا چاہیے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کیلئے محفوظ گزرگاہ یقینی بنائی جائے، امید ہے سفارت کاری کے ذریعے جلد حتمی معاہدہ طے پائے گا، جاپان بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

عراق کی وزارت خارجہ نے بدھ کو کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے اور ممالک کے درمیان سنجیدہ اور پائیدار مذاکرات کا مطالبہ کیا۔وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت اس مثبت اقدام کے ذریعے پائیدار اور پائیدار مذاکرات کا مطالبہ کرتی ہے جو تنازعات کی بنیادی وجوہات کو تلاش کرے اور باہمی اعتماد کو مضبوط کرے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے خیرمقدم کرتا ہے اس سے بات چیت کے ذریعے تنازع کے حل میں مدد ملے گی۔ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کشیدگی میں کمی کے لئے ہونے والی کوششوں کو آگے بڑھانے پر پاکستان، مصر، ترکیہ اور سعودی عرب سمیت دوسرے مذاکرات کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی