اے این ایف نے انسداد اسمگلنگ آپریشنز میں 30 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 30 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 318.400 کلوگرام منشیات برآمد کر لی اور 3 مختلف کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پہلی کارروائی لاہور میں کی گئی، جہاں ایک کوریئر آفس سے سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 400 گرام آئس برآمد ہوئی۔ یہ کارروائی اے این ایف نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کی، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر منشیات کی ترسیل کو روکنا تھا۔دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع پشین میں خانوزئی بازار کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی۔ گاڑی سے 30 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور موقع پر ہی 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تیسری بڑی کارروائی قلعہ سیف اللہ کے علاقے یاکر مڑی میں کی گئی، جہاں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 141 کلوگرام مارفین اور 147 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں منشیات فروشوں کے خلاف جاری ملک گیر مہم کا حصہ ہیں۔ ملک میں کسی بھی قیمت پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی