عام انتخابات سے قبل ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے 31جنوری سے 15فروری تک کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا سکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ اوگرا کی تجویز کے بعد کیا جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مشرق وسطی میں حوثی باغیوں کے بحرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر پڑے گا،بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پٹرول کی قیمت 83ڈالر سے بڑھ کر 89ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 93ڈالر سے بڑھ کر 97ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ کروڈ آئل بھی 76ڈالر سے بڑھ کر 80ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مستحکم ہونے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کم اضافہ متوقع ہے، بصورت دیگر قیمت زیادہ بڑھ سکتی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی