الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی پی پی 33 سے انتخابی عذرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی، پرویز الہی اور اہلیہ قیصرہ الہی کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت این اے 64 اور پی پی 33 کے ریٹرننگ افسران نے کمیشن میں رپورٹ جمع کرا دی۔ اس موقع پر قیصرہ الہی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ آج کیس کی سماعت ہوگی لیکن کیس نہیں لگا، انتخابات میں قیصرہ الہی ایک لاکھ جبکہ پرویز الہی 40 ہزار کی لیڈ سے جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کمیشن سے استدعا کیا کہ آپ ریٹرننگ افسران سے فارم 45 بھی منگوائیں۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے رہنما پی ٹی آئی چودھری پرویز الہی کی پی پی 33 سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ ہم قیصرہ الہی کی درخواست پر دلائل 20 فروری کو سنیں گے اور ان کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی