i پاکستان

انتخابی مہم چلانے کی اجازت کیلئے درخواست پر حکومت سے جواب طلبتازترین

February 02, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت کیلئے درخواست پر وفاق و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں انتخابی مہم کے دوران رکاوٹوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چودھری نے زمان خان وردگ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عام انتخابات کے موقع پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کیا جا رہا ہے، الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کرنے سے روکے، لاہور ہائی کورٹ امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت دے۔ عدالت نے معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا، سرکاری وکلا نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت طلب کی۔ بعدازاں عدالت نے سرکاری وکلا کی استدعا منظور کر لی اور جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی