i پاکستان

او آئی سی اجلاس میں پاکستان کا لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، فوری جنگ بندی مطالبہتازترین

April 14, 2026

پاکستان نے لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ آبادی تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان خیالات کااظہار اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر میں اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی ) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لبنان میں انسانی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور بحران خطرناک حد تک شدت اختیار کر چکا ہے۔ان کا کہناتھا اسرائیلی بمباری خصوصا جنوبی لبنان اور گنجان آباد علاقوں میں شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔

پاکستان کے نائب مندوب نے لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وحدت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔اجلاس میں اس موقف کو دہرایا گیا کہ شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔پاکستان نے لبنان میں اقوام متحدہ امن مشن پر حملوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔اجلاس میں پاکستان نے لبنان میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پیش کیے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی کوششیں تیز کرے، انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے اور خطے میں پائیدار امن کے لئے موثر کردار ادا کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی