صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں ماں نے اپنے ہی 7 سالہ بیٹے کی بے دردی سے جان لے لی، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے 27 والا روڈ، شفقت بلاک سے پولیس نے 7سالہ بیٹے کو بے دردی سے قتل کرنے والی ماں کو حراست میں لے لیا۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ نادیہ نے بیٹے علی حمزہ کو تشدد کے بعد گلے میں دوپٹہ ڈال کر گلہ گھونٹ دیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں بیٹے کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ نے پہلے شوہر عرفان سے طلاق لے کر سعید سے دوسری شادی کی تھی۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دوسرا شوہر سعید بچے کو پسند نہیں کرتا تھا اور اکثر اسے تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا۔ بچے کے معاملے پر میاں بیوی میں اکثرجھگڑا بھی رہتا تھا۔پولیس کے مطابق پہلے ملزمہ نادیہ نے بیٹے کو پکڑ کر تشدد کیا اور پھر گلا گھونٹ کر قتل کردیا، سابق شوہر عرفان علی اپنے بیٹے علی حمزہ کو اسپتال لایا مگر ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔پولیس نے ملزمہ نادیہ اور اس کے شوہر سعید کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور سعید کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، مقتول علی حمزہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی