i پاکستان

اساتذہ کا لیو انکیشمنٹ پالیسی اور اسکولوں کی نجکاری کیخلاف احتجاج جاریتازترین

October 18, 2023

پنجاب کے مختلف شہروں میں اساتذہ تنظیموں کی جانب سے لیو انکیشمنٹ پالیسی میں ترمیم اور سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے باعث تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل ہیں۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے اساتذہ ریٹائرمنٹ پر ملنی والی مراعات محدود ہونے کی وجہ سے احتجاج کے لیئے باہر نکلے تو پنجاب حکومت نے درجنوں کو گرفتار کرلیا، سیکریٹریٹ کے باہر جاری دھرنا تعلیمی بائیکاٹ کی شکل اختیار کر گیا ، کلاسز معطل ہوئیں اور کام چھوڑ ہڑتال شروع ہوگئی۔ بھکر میں اساتذہ تنظیموں کا تعلیمی بائیکاٹ 9 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے جبکہ سماجی تنظیموں سمیت دیگر نے بھی احتجاج کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ دنیا میں بھی اساتذہ تنظیموں کا تعلیمی بائیکاٹ 9 ویں روز میں داخل ہوچکا ہے ،دنیا پور میں سرکاری سکولوں اور دفاتر کی تالا بندی ہے جس کے باعث سکول ویران ہو گئے ہیں۔ صوبائی ٹیچر یونین رہنما ملک سجاد اختر اعوان کا کہنا ہے کہ اپنے مطالبات کی منظوری تک دفاتر کی تالا بندی اور قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔ فیصل آباد میں بھی اسکولوں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کا احتجاج جاری ہے جبکہ طلبا بھی اساتذہ کے شانہ بشانہ احتجاج میں شریک ہیں۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکریٹری رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کی کوشش کی گئی ہے جو ناکام رہی اور حکومت اساتذہ سمیت دیگر سرکاری ملازمین کے مطالبات تسلیم کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ مراعات پر شب خون ماراگیا ہے، اپناحق مانگنے والوں کو نظربند کر دیا گیا، جب تک لیوانکیشمنٹ اور گریجویٹی کامعاملہ حل نہیں ہوتا احتجاج کریں گے۔ رانا لیاقت کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، سرکاری اسکولز میں کلاسز کو معطل رکھیں گے، حکومت سالانہ ترقی کا پلان اور کنٹریکٹ اساتذہ کو ریگولر کرے اور ریٹائرمنٹ پر مراعات کو بحال کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف اساتذہ کا نہیں بلکہ 42 محکموں کا ہے، دیگر محکموں کے ملازمین کا احتجاج کے لیے مکمل ساتھ دیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی