i پاکستان

اسحاق ڈار آج کابل جائیں گے ، 22 اپریل کو ڈھاکا کا بھی دورہ کریں گےتازترین

April 18, 2025

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج (ہفتہ کو) کابل کا دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے دورے سے تین سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ کابل ہے ۔قبل ازیں اکتوبر 2021 میں کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ نے افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ پاک افغان جاری دوطرفہ کشیدگی کے تناظر میں اس دورے کو پاک افغان روابط میں ایک پیش رفت قراردیاجارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نمائندہ خصوصی محمد صادق خان کے کابل میں جوائنٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد طالبان حکومت نے پہلی بار کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق پاکستانی خدشات کے تدارک پر سنجیدگی دکھا ئے جانے کے بعد وزیر خارجہ کو کابل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نمائندہ خصوصی محمد صادق نے دوطرفہ روابط میں مثبت پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ طویل وقفے کے بعد کابل کیساتھ اعلی سطحی روابط کی بحالی خوش آئند ہے، پاکستان کابل سے مشاورت کیساتھ سہ فریقی اور کثیر فریقی میکانزم فعال بنانے پر کام کرے گا ، جس میں قریبی ہمسائے پلس روس فارمیٹ، پاک چین سہ فریقی، پاکستان ازبکستان سہ فریقی اور پاک ایران سہ فریقی میکانزم شامل ہیں۔ مزید برآں وزیر خارجہ ڈار 22 اپریل کو ڈھاکہ کا بھی دورہ کریں گے جو بڑھتے دوطرفہ روابط کے حوالے ایک اہم پیش رفت اور 2012 کے بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بنگلہ دیش ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی