i پاکستان

اسلام آباد کے حلقوں سے لیگی امیدواروں کی کامیابی الیکشن کمیشن کے فیصلوں سے مشروطتازترین

February 21, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں میں لیگی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط کردیے۔ ہائی کورٹ میں اسلام آباد کے تین حلقوں کے کامیاب امیدواروں کی الیکشن میں کامیابی کے نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل درخواست گزار سے کہا کہ عدالت کامیابی کے نوٹیفکیشن کو الیکشن کمیشن کے درخواستوں پر فیصلے سے مشروط کر دیتی ہے، الیکشن کمیشن اس سے زیادہ منصفانہ آپکے ساتھ کیا ہو گا؟ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ اگر الیکشن کمیشن اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لے تو ہم منصفانہ کہیں گے۔ اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے حوالے کے کامیابی کے نوٹیفکیشنز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فیصل چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کی معطلی برقرار رہے گی ، الیکشن کمیشن میں زیر التوا درخواستوں کے فیصلے تک نوٹیفکیشنز معطل رہیں گے، عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی یقین دہانی کے بعد درخواستیں نمٹا دیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی