i پاکستان

اسلام آباد، ریڈزون میں واقع وفاقی ادار ے بدستور بند رہے، ورک فرام ہوم کی ہدایت پر عمل جاریتازترین

April 23, 2026

ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے جاری کوششوں کے سبب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینکڑوں کیسز التوا کا شکار ہو گئے ۔اسلام آباد میں ریڈ زون کی مسلسل بندش کے باعث ہائیکورٹ میں رواں ہفتے ایک بھی سماعت نہیں ہو سکی، اور پیر سے جمعرات جوڈیشل ورک نہ ہونے سے سینکڑوں کیسز التوا کا شکار ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق سینکڑوں کیسز التوا کا شکار ہونے سے ہائی کورٹ پر کیسز کا پینڈنسی لوڈ مزید بڑھ گیا ہے، جب کہ اگلے ہفتے ہائیکورٹ ججز کی ٹرانسفر کے امکان کے بعد مزید کیسز التوا کا شکار ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ججز کی دوسری ہائیکورٹ ممکنہ ٹرانسفر سے کیسز کا لوڈ بھی بڑھ جائے گا، کفایت شعاری مہم کے تحت جمعہ کو پہلے ہی جوڈیشل ورک نہیں ہوتا تھا۔ ایسے میں وکلا سائلین کو اپنے التوا شدہ کیسز دوبارہ مقرر کروانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے ۔

رواں ہفتے ریڈ زون کی بندش کے باعث ہائیکورٹ میں اہم کیسز کی سماعت بھی نہیں ہو سکی ہے، 190 ملین پائو نڈ کیس میں سزا معطلی درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی، یہ کیس 22 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر تھا تاہم کاز لسٹ منسوخ ہو گئی۔اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی روکنے سے متعلق کیس کی سماعت بھی آ مقرر تھی، ہائیکورٹ کی بندش اور جوڈیشل ورک نہ ہونے سے درختوں کی کٹائی روکنے کا کیس بھی نہ ہو سکا۔ دوسری جانب اسلام آباد ریڈزون میں واقع تمام وزارتیں، ڈویژنز اور دیگر وفاقی ادار وں نے جمعرات کو بھی ورک فرام ہوم کی ہدایات پر عمل کیا ۔ وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ بند رہی ۔سپریم کورٹ نے محدود عملے کے ساتھ کام کیا ۔راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد میں ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بدستور بند ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی