i پاکستان

اسلام آبادہائیکورٹ ‘ نیو بلیو ایریا میں داخلہ فیس وصولی پر ایم سی آئی ایڈمنسٹریٹر ذاتی حیثیت میں طلبتازترین

June 04, 2026

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایم سی آئی ایڈمنسٹریٹر کو پیر کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈووکیٹ محمد طیب کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ فیس کس قانون کے تحت چارج کی جا رہی ہے؟عدالت نے سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور ایم سی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیو بلیو ایریا میں کمرشل مارکیٹس، کارپوریٹ ہیڈ کوارٹرز اور ریسٹورنٹس واقع ہیں

جبکہ ایم سی آئی سروس روڈ استعمال کرنے پر 100 روپے فیس وصول کر رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ پارکنگ فیس نہیں بلکہ سروس روڈ استعمال کرنے والے ہر شخص سے فیس لی جا رہی ہے۔درخواست گزار کے مطابق ایم سی آئی اس فیس کے بدلے کوئی سہولت یا سروس فراہم نہیں کر رہی اور نیو بلیو ایریا میں داخلے کے لیے فیس وصول کرنا اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایم سی آئی کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی