بانی پی ٹی آئی عمران خان کے قانونی دستاویزات پر دستخط کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔ خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے پاور آف اٹارنی پر دستخط نہ کروانے پر آئینی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ پولیس صدر سرکل راولپنڈی کو فریق بنایا گیا ہے اور جیل حکام پر مبینہ غفلت اور قانونی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وکیل خالد یوسف چودھری کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے سینکڑوں مقدمات ہیں اور قانونی نمائندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ درخواست میں آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10 اے ، 14 اور 25 کی خلاف ورزی کا مو قف اختیار کرتے ہوئے عدالت سے فوری دستخط کروانے اور دستاویزات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔مزید برآں، وکیل کو قیدی تک بلا رکاوٹ رسائی دینے کی ہدایت جاری کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی استدعا بھی کی گئی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی