ٹبہ سلطان پور میں چوک عاصم کے قریب ایک دلخراش واقعہ میں باغ کے مالک نے مبینہ طور پر آم توڑنے پر ایک 5 سالہ معصوم بچے کو رسیوں سے باندھ کر یرغمال بنا لیا۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بچہ سخی سرور جانے والے زائرین کے ایک قافلے کا حصہ ہے۔ زائرین کی بس چوک عاصم کے قریب ایک ہوٹل پر رکی ہوئی تھی کہ اس دوران بچہ کھیل کود میں مصروف ہو گیا اور قریب موجود باغ سے آم توڑنے لگا۔بچے کو آم توڑتا دیکھ کر باغ کا مالک غصے میں آ گیا اور اس نے 5 سالہ بچے کو پکڑ کر رسیوں سے باندھ دیا۔رپورٹس کے مطابق باغ کے مالک نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو چھوڑنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ جب تک آموں کا نقصان پورا کرنے کے لئے 5 ہزار روپے کا معاوضہ نہیں دیا جاتا، وہ بچے کو رہا نہیں کرے گا۔باغ مالک کے اس سنگدلانہ رویے اور غنڈہ گردی کے خلاف زائرین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور ملتان-وہاڑی روڈ پر بس کھڑی کر کے سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا۔ زائرین نے باغ مالک کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی قانونی کارروائی کرتے ہوئے معاملے کو حل کروا کے بچے کو بازیاب کروا لیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی