i پاکستان

باجوڑ اور بنوں کے دو تھانوں پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے پسپا،چاراہلکار زخمیتازترین

June 03, 2025

خیبرپختونحوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں پولیس نے جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے پسپا کر دئیے،، دستی بم حملے میں ایس ایچ او سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے باجوڑ کے تھانہ لوئی ماموند پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے لانچرز کے ذریعے پولیس اسٹیشن پر گرینیڈ پھینکے، ساتھ ہی ایس ایم جی، آر پی جی اور دستی بموں کا استعمال بھی کیا۔پولیس کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور اپنی جگہ پر ڈٹ کر مناسب انداز میں جوابی کارروائی شروع کی، دستی بم حملے میں اسٹیشن ہائوس افسر(ایس ایچ او) فضل خان، کانسٹیبل طورسم، کانسٹیبل شاکر اور حسن خان معمولی زخمی ہوئے، تاہم مقابلہ جاری رکھا اور دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا۔پولیس کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب رات گئے ضلع بنوں میں بھی پولیس اسٹیشن میریان پر بھی فتنہ الخوارج نے دہشت گرد حملہ کیا اور تھانے میں موجود پولیس جوانوں نے 50 منٹ سے زیادہ بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس(آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تھانوں میں تعینات پولیس افسران اور جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سراہا۔

انہوں نے پولیس کی دونوں ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ فتن الخوارج کا آخری مرحلے تک پیچھا کیا جائے گا، خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کا ایک بار پھر خاتمہ کرے گی اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم کو پورا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ذوالفقار حمید کے مطابق لوئی ماموند اور میریان میں پولیس اسٹیشن فتن الخوارج کے حملوں کا نشانہ بنے، حملوں میں 4 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے لیکن انہوں نے مقابلہ جاری رکھا، دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا، کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا کہ پولیس حملوں کو نہ صرف روکتی رہی بلکہ دہشت گردوں کا تعاقب بھی جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جا سکے۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے تھانہ میریان پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے، اس بار بھی پولیس نے انتہائی پروفیشنل انداز میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر پولیس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی