پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں، ن لیگ نے کبھی کسی کے دکھ پر جشن نہیں منایا، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہم نے کوئی مٹھائی نہیں بانٹی، یہ فیصلہ تو ایک عدالت کا ہے کسی پارٹی کا نہیں ہے۔ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنمانے کہا کہ آج انہیں سزا ہوئی تو جج محمد بشیر پر تنقید ہو رہی ہے، دوسروں کو سزا ہوئی تو جج محمد بشیر کو مرد مومن کہا گیا، نوازشریف کیخلاف مقدمات میں سپریم کورٹ کو ہی ایک ٹرائل کورٹ بنا دیا گیا تھا،ان کیخلاف کیسز میں سپریم کورٹ کے کوئی جج بھی نگرانی کیلئے نہیں لگائے گئے، نوازشریف کے 2وکیل تھے اور وہ ہی سارے کیسز لڑے،مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پہلا فیصلہ یہ ہے آپ نے توشہ خانہ کے تحائف اثاثوں میں ظاہر ہی نہیں کئے، 3ارب 15کروڑ کی چیز 2کروڑ کی ڈیکلئیر کر کے 90لاکھ میں خرید لی، ہمیں جو بھی تحائف ملے وہ توشہ خانہ میں پڑے ہیں، آپ کیخلاف فیصلے میں کوئی جھول ہے تو عدالتیں موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب نوازشریف کی زوجہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں تو آپ لوگ کہتے تھے کہ یہ مذاق کر رہی ہیں، کسی کی ماں، بیٹی اور بہن کی عزت صرف ہم پر فرض ہے کیا آپ پر نہیں؟ نیا پاکستان اور پرانا پاکستان نہیں بھائی صرف ایک پاکستان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی