i پاکستان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیاتازترین

August 21, 2026

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی واپس جیل منتقلی کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں صحت مند قرار دیا ہے جبکہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو پمز اسپتال لایا گیا،الشفا اسپتال کے راستے اور باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال پیدا کی گئی تھی۔ وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا جہاں ماہرِ امراض چشم، ماہرِ امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کامعائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کے کارکنوں کی طرف سے جو سکیورٹی کی صورتحال الشفا ہسپتال کے راستے میں اور باہر پیدا کی گئی اس کے پیش نظر ان کو پمز ہسپتال لے جایا گیا جہاں الشفا ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کو طبی طور پرصحت مند قراردیا جب کہ ان کی ہمشیرہ عظمی خان علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ طبی معائنے کے بعد انہیں جمعہ کی صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیاگیا۔ وزیراطلاعات کے مطابق عمران خان کو پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اب بھی جب ان کو ضرورت پڑے گی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ادھر جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جمعہ کی صبح واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا ہے،انہیں اسپتال سے اڈیالا جیل انتہائی سخت سکیورٹی میں لایا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ان کے سیل میں شفٹ کردیا گیا ہے۔قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کو رات گئے انتہائی سخت سکیورٹی میں جیل سے ہسپتال سے روانہ کیا گیا تھا، شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی