i پاکستان

بانی پی ٹی آئی کی قانونی دستاویزات سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ خطتازترین

April 15, 2026

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ خط ارسال کر دیا جس میں لکھاہے کہ پاور آف اٹارنی اور قانونی دستاویزات ایک بار پھر جیل حکام کو ارسال کردی گئی ہیں،بانی پی ٹی آئی سے فوری دستخط کروا کر دستاویزات واپس کیے جائیں،سابق خط ( 6 اپریل 2026 )کا حوالہ بھی خط میں شامل ہے۔وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری کے مطابق پاور آف اٹارنی اور قانونی دستاویزات 7 اپریل کو ٹی سی ایس کے ذریعے بھیجی گئیں جو 9 اپریل کو دوپہر 3:13 بجے جیل آفس میں موصول ہوئیں۔وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری کے مطابق 13 اپریل کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پہنچا،جیل اسٹاف اور صدر پولیس کے پاس آمد اور مقصد باقاعدہ ریکارڈ کیا گیا،کئی گھنٹے انتظار کے بعد بتایا گیا کہ دستاویزات ریکارڈ میں نہیں مل رہیں،حساس قانونی دستاویزات کا غائب ہونا سنگین انتظامی غفلت ہے،

یہ عمل قانونی کارروائی میں رکاوٹ اور انصاف تک رسائی میں مداخلت ہے۔وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق اور فیئر ٹرائل کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے،سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت تیزی سے ختم ہو رہی ہے،ہر گزرتا دن قانونی حق کے حصول کو متاثر کر رہا ہے،جیل حکام کی ذمہ داری ہے کہ قیدی کو انصاف تک رسائی فراہم کریں۔وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری کے مطابق دستاویزات پرفوری طور پر سابق وزیراعظم عمران خان سے دستخط کروائے جائیں اور24 گھنٹوں میں دستخط شدہ دستاویزات واپس کی جائیں،اس معاملے کو نہایت ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے،خط کی نقل رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکرٹری چیف جسٹس سپریم کورٹ ، آئی جی خانہ جات پنجاب، وکیل عزیر کرامت بھنڈاری اور سپرنٹنڈنٹ پولیس صدر سرکل راولپنڈی کو بھی ارسال کردی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی