خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ بانی تحریک انصاف کی مشاورت کے بغیر کسی صورت منظور نہیں ہو سکتا، خیبرپختونخوا کے عوام نے بانی کے نظریے اور منشور کو ووٹ دیا ہے، اس لیے بجٹ بھی اسی سوچ کے تحت منظور کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے خبردار کیا کہ اگر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو وفاقی حکومت ایک دن بھی چل نہیں پائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار صرف وزیراعلی کو حاصل ہے، اور وزیراعلی جب چاہیں اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں۔ ان کا دعوی تھا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت فارم 45 کی بنیاد پر قائم ہے، جبکہ وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتیں فارم 47 کے جعلی مینار پر کھڑی ہیں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایسی حکومتوں کو گرانے کے لیے صرف ایک دھکا ہی کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حقیقی عوامی نمائندوں کی حکومت ہے، اور صوبے کے فیصلے عوامی مینڈیٹ کے مطابق ہی کیے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی