پاکستانی سفارتی وفد کے رکن مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت خون کی ہولی نہ کھیلے، یہ کھیل ان کے گلے پڑ چکا ہے۔پاکستانی سفارتی وفد کے رکن مصدق ملک نے برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار بھارت کے2 اور اس بار6 جہاز گرائے، بھارت اگر باز نہ آیا تو یہ تعداد 60 اور 600 تک جائے گی، آخر امن کی بات کرنی پڑے گی تو ابھی کر لیں۔مصدق ملک نے کہا کہ چاہتے ہیں برابری کی بنیاد پر مذاکرات ہوں اور بنیادی مسئلہ کشمیر پر بات ہو، چاہتے ہیں یہ جنگ بندی امن کی شکل اختیار کرے، اقوام متحدہ، برطانیہ، یورپی یونین میں مسئلہ کشمیر اٹھایا، بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے پاک بھارت جھڑپ ہوئی ٹرمپ 9 یا11 بار کشمیر کا ذکر کر چکے ہیں، کشمیر، پانی اور امن کا مسئلہ اب دنیا کے سامنے ہے، سفارتی محاذ پر ہماری فتح کی بڑی وجہ عسکری فتح ہے۔مصدق ملک نے کہا ہے کہ عسکری کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں کو جاتا ہے، جنگ میں کامیابی کے باوجود امن کی بات کررہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی