وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کے ایک سال بعد بھی بھارت شواہد پیش نہ کر سکا،آپریشن سندور 2 کی بات شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے، بھارتی اقدامات سے خطے کی ترقی و خوشحالی کو سنگین خطرات لاحق ہیں،، پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پہلگام فلیگ آپریشن کو ایک سال پورا ہو چکا ہے، آج تک بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، غیر منطقی، جھوٹی انا، تکبر و حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا بھارت کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکا، پہلگام آپریشن کی ایف آئی آر 10 منٹ میں درج کر لی گئی تھی، ایف آئی آر کا جلد اندراج متن پہلے سے تیار ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ جسے وہ بیرونی بنا کر پیش کرتا ہے، کشمیر تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، بھارت اسے داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مکاری کھل کے سامنے آچکی ہے، عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں، تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعہ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے، پہلگام واقعہ پر بھی بھارت نے بھونڈے طریقے اختیار کئے، فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ رہی ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان نے پہلگام فالز فلیگ کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد اور قابل اعتبار ثبوت نہیں تھے، بھارتی میڈیا محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا ، بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کو سپورٹ کرنے میں کوئی موثر دلائل پیش نہیں کر سکا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں کو دنیا دیکھ رہی ہے
پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا، بھارت کی کسی بھی مہم جوائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے، پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، بھارت کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کی ترقی و خوشحالی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے کیخلاف ورزی کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ستون ہندوتوا کو پروموٹ کرتے ہیں اور اقلیتوں کے حقوق سلب کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ نظر آتا ہے جس کا ہم مقابلہ کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اس کے شواہد اقوام متحدہ کے پاس جمع کروائے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی